اسلام آباد،لاہور(نمائندہ جنگ، جنگ نیوز) وزیراعظم کی سیاسی رہنماؤں اور قانونی ماہرین سے مشاورت جاری، عمران خان کیساتھ مذاکرات کرنے ہیں یا نہیں، فیصلہ آج اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں ہوگا، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی لاہور میں سیاسی رفقا و قانونی ماہرین سے مشاورت ہوئی، جس میں موجودہ ملکی سیاسی و آئینی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرا ئع کے مطابق وفاقی وزرا سعد رفیق، سردار ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ نے بھی ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں ملک احمد اور احد چیمہ بھی شامل تھے۔اس موقع پر اٹارنی جنرل منصورعثمان اعوان نے وزیراعظم کو سپریم کورٹ کیس کے حوالے سے بریفنگ دی۔دوسری جانب وزیر اعظم نے اتحادی حکومت کا مشاورتی اجلاس آج بدھ کو طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطا بق وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنما شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت متوقع ہے۔اس کے علاوہ عمران خان کے ساتھ مذاکرات کرنے ہیں یا نہیں، یہ فیصلہ بھی اجلاس میں ہوگا۔اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غور اور آئندہ کی حکمت عملی تیار کی جائے گی‘ اسمبلیوں کے حوالے سے آئینی و قانونی امور پر بھی غور کیا جائیگا ۔