راولپنڈی (آن لائن) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پی ایل اے آرمی ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا،آرمی چیف نے چینی ہم منصب سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی سکیورٹی امور اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال، فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے سرکاری دورے کے پہلے دن آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) آرمی ہیڈ کوارٹرز میں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی پی ایل اے آرمی کے کمانڈر کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی، جس کے دوران باہمی سلامتی کے امور اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں فوجی کمانڈروں نے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور فوجی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پی ایل اے آرمی کے دستوں کی آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا، اور انہوں نے فوجیوں کی تربیت کے اعلیٰ معیار اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر چینی عسکری قیادت سے ملاقاتیں کرکے دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے بات چیت کرینگے۔