تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز) ایران کے بااثر اور معروف عالم آیت اللہ عباس علی سلیمانی مسلح حملے میں جاں بحق ہوگئے، حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ عباس علی سیلمانی کو مازندران کے شہر بابو لسر میں نشانہ بنایا گیا، صوبائی گورنر کا کہنا ہے کہ حملہ دہشتگردی نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے بااثر عالم اور سپریم لیڈر کا انتخاب کرنے والی مجلس خبرگان (اسمبلی آف ایکسپرٹس) کے رکن آیت اللہ عباس علی سلیمانی کو مسلح شخص نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، تاہم حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اِرنا‘ کے مطابق آیت اللہ عباس علی سلیمانی کو صبح کے وقت مسلح حملے میں قتل کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مذہبی شخصیت پر حملہ ایران کے شمالی صوبے مازندران کے شہر بابولسر میں ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے کا مقصد ابھی واضح نہیں ہے لیکن اس کا تعین کرنے کے بعد اعلان کیا جائے گا۔