کراچی (اسٹاف رپورٹر ایجنسیاں) سندھ حکومت نے کچے کے ڈاکوں کی سر کی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا اور ڈاکووں کی فہرست تیار کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کچے کے ڈاکووں کے سر کی قیمت رکھنے کا فیصلہ کرلیا، سندھ کابینہ اجلاس میں چار سو ڈاکووں کے سر قیمت منظوری لی جائے گی۔ سب سے زیادہ سر کی قیمت شکارپور کے ڈاکو خیر محمد تیغانی کی ستر لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ڈاکو سونارو تیغانی کے سر کی قیمت ساٹھ لاکھ روپے رکھی گئی ہے جبکہ مختلف اضلاع کے کچے میں پھیلے ڈاکووں کے سرکی قیمت دس لاکھ سے ستر لاکھ روپے رکھی ہے۔وزیر اعلی سندھ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں منظوری کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ سندھ کابینہ نے ٹول پلازوں پر آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن کیمروں (اے این پی آر) کی تنصیب کے لیے 1.567 بلین روپے کی منظوری دےدی ، قتل اور اغوا برائے تاوان پر5 لاکھ روپے ہیڈ منی ، ڈکیتی اور پولیس مقابلے پر 200,000 روپے کی منظوری دی اور انعام کی زیادہ سے زیادہ رقم ایک کروڑ روپے مقرر کردی گئی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں کابینہ کا اجلاس ہوا ، محکمہ داخلہ نے کابینہ کو بتایا کہ پورے سندھ میں ٹول پلازوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر اسمارٹ سرویلنس کیمروں کی تنصیب کی جائے گی ۔ کیمرے گاڑیوں کی رجسٹریشن نمبر پلیٹس اور اگلی سیٹ کے مسافروں کی تصاویر لیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹول پلازوں پر سی سی ٹی وی کی تنصیب کی اسکیم پر 1.567 بلین روپے لاگت آئے گی۔ اگر کابینہ نے منصوبے کی منظوری دی تو میں فنڈز کا بندوبست کرنے کو تیار ہوں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ پولیس کا خیال ہے کہ اس منصوبے کی حساس نوعیت کی وجہ سے اسےایم /ایس این آر ٹی سی کے ذریعے گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ (G-2-G) کی بنیاد پر عمل میں لایا جائے تاکہ اس نظام کی سالمیت اور سلامتی کو برقرار رکھا جا سکے۔