اسلام آباد (نمائندہ جنگ)مغربی ذرا ئع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ چین نے مغرب پر انحصار کم کرنے کیلئے چین کو پا کستان سے ریل نیٹ ورک کے ذ ریعے منسلک کرنے کیلئے 58بلین ڈالر لاگت کا ایک میگا پراجیکٹ تیار کیا ہے جبکہ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ یہ پرانی تجویز ہےابھی تک کوئی معاہدہ نہیں ہوا ۔ مغربی ذرا ئع ابلاغ کے مطابق یہ پراجیکٹ چین کی سرکاری کمپنی چاینا ریلوے فرسٹ سروے اینڈ ڈیزائن انسٹی ٹیوٹ گروپ کمپنی لمیٹڈ نے تیار کیا ہے۔1860میل کا یہ طویل ریلوے سسٹم پا کستان کی گوادر بندرگاہ کو چین کے شہر کاشغر سے ملائے گا۔یہ پراجیکٹ نہ صرف تجارتی اعتبار سے اہمیت کا حامل ہےبلکہ اس کے جغرافیائی سیاست پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوں گے۔ گوادر تا کاشغرریلوےلائن منصوبےکے بارے میں میڈیا رپورٹ پروزارت ریلوے کے ذ رائع نے بتایا کہ یہ ایک پرانی چینی تجویز ہےجو 2014میں سامنے آئی تھی لیکن اس تجویز پر کوئی عملی پیش رفت نہیں ہو سکی اور نہ ہی دو نوں ملکوں میں اس پراجیکٹ کیلئے کوئی ایم او یو یا فناسنگ ایگریمنٹ ہواہے۔ ادھر سی پیک منصوبے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اٹھاون ارب ڈالر پاک چین اقتصادی راہدری منصوبے کے تحت ایم ایل ون پراجیکٹ پر پاکستان اور چین کے در میان ضرور معاہدہ ہوا ہے ۔