• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کرکٹ کپ اس سال نہیں ہوگا، بھارتی میڈیا جھوٹی خبریں پھیلانے لگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ نے ابھی تک ایشیا کپ کیلئے پاکستان آنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ پاکستان ہی میں ہوگا، بھارت کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوسکتے ہیں۔ بھارت نہیں آیا تو ہم بھی بھارت نہ جانے کے فیصلے پر قائم ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پر بی سی سی آئی میڈیا پر جھوٹی خبروں کے ذریعے پریشر ڈالنا چاہ رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے ہائبرڈ ماڈل مسترد کردیا ہے، ٹورنامنٹ اس سال نہیں ہوگا جبکہ وہ اسے پانچ ملکی ٹورنامنٹ سے تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ آئی سی سی اور اے سی سی اجلاس لندن میں ہونگے ، اس دوران اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے تاحال ایشیا کپ 2023 کے لیے اجلاس طلب نہیں کیا،گذشتہ اے سی سی اجلاس میں ہائبرڈ ماڈل سے متعلق نجم سیٹھی نے مکمل بریفنگ دی تھی، صدر اے سی سی جے شاہ نے ماڈل کو مسترد نہیں کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی ایشیا کپ سے دستبرداری براڈ کاسٹنگ رائٹس کی خلاف وزری ہوگی، جبکہ پاکستان ہائبرڈ ماڈل سے آگے مزید لچک نہیں دکھائے گا۔ پی سی بی کا ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کسی پانچ رکنی ٹورنامنٹ کے حق میں نہیں، اس طرح ایشیاکپ کی اہمیت ختم ہوجائے گی اور پاکستان کے بغیر ٹورنامنٹ کے نشریاتی حقوق اور اسپانسر شپ پر بھی اثر پڑے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی ایشیا کپ سری لنکا منتقل کرنے کیلئے دبائو ڈال رہا ہے۔

اسپورٹس سے مزید