کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ نے معاملے نوٹس لیتے ہوئےآئی پی ایل میں ویرات کوہلی اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے مینٹور گوتم گھمبیر پر میچ فیس کا 100 فیصد جرمانہ عائد کردیا، دونوں نے کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت لیول 2 کے جرم کا اعتراف کیا۔ افغان کرکٹر نوین الحق پر بھی میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ تینوں کرکٹرز کو مستقبل میں ایسا دوبارہ نہ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ قبل ازیں ویرات کوہلی اور گوتم گمبھیر کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ واقعہ آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان ہونے والے میچ میں پیش آیا۔ ویرات کوہلی نے لکھنؤ کی ہر وکٹ گرنے پر بھرپور جشن منایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی نے لکھنؤ کے اوپنر کائل میئرز سے گفتگو کی تو گوتم گھمبیر سیخ پا ہو گئے۔ میچ کے دوران افغانستان کے فاسٹ بولر نوین الحق اور ویرات کوہلی کے درمیان بھی دو مرتبہ تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔ اس سے پہلے بھی ویرات کوہلی اور گوتم گمبھیر کی فیلڈ میں ایک دوسرے سے تلخ کلامی ہو چکی ہے۔ ہوم گراؤنڈ پر لکھنو کی ٹیم کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا جس کی وجہ سے ٹیم کے مینٹور اور کھلاڑی غصے میں دکھائی دیئے۔