کراچی (اسٹاف رپورٹر)سربراہ پاکستان ہندو کونسل رمیش کمار وانکوانی کا کہنا ہے کہ پاکستان انڈیا کے مابین تجارت اور سیاحت کی بحالی پاکستان کے مفاد میں ہے،نریندر مودی سے ملاقات میں پیش رفت ہوئی تھی لیکن سیاسی حالات کی وجہ سے بات آگے نہیں بڑھ سکی،انہوں نے کہاکہ پاکستان ہندو کونسل کے زیر اہتمام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جاب فیئر جمعرات چار مئی کو کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا، پی ایچ سی جاب فیئر میں شرکت کیلئے سو سے زائد ملکی اور بین الاقوامی اداروں کو مدعو کیا گیا ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد اور دیگر یونیورسٹیوں کے12 ہزار سے زائد اسٹوڈنٹس کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے مابین تجارت اور سیاحت کی بحالی سے پاکستان کو ہی فائدہ ہوگا،،خطے میں سیاست اس وقت تبدیل ہورہی ہے ہمیں بھی خود کو تبدیل کرنا ہوگا،انہوں نے بلاول بھٹو کے دورہ بھارت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اسی طرح سے ہی مشکلات سے نکل سکتے ہیں،،پارلیمنٹ کی بالادستی پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے لیکن تنازعات سے ملک کو نقصان ہوگا۔