اسلام آباد(محمد صالح ظافر/نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف آج (بدھ) برطانیہ کے دورے پر روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف ایک ہفتے کے غیر ملکی دورہ پر بیرون ملک جارہے ہیں، وہ ہفتے کو برطانوی بادشاہ کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے جہاں انہیں برطانوی حکومت نے مدعو کیا ہے، وزیراعظم کو حکومت برطانیہ نے شاہی تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اندرون ملک اپنی مصروفیات کے باعث ماہ رمضان میں عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب نہیں جاسکے تھے،وہ لندن میں میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ میاں محمد نواز شریف سے کئی ایک ملاقاتیں کریں گے جن میں اہم امور زیر بحث آئیں گے اور اہم فیصلے ہونگے۔
وزیر اعظم شہباز شریف ایک خصوصی طیارے میں جائیں گے وہ استنبول میں مختصر قیام کرسکتے ہیں، اس بات کا امکان ہے کہ وہ وطن واپسی سے قبل سعودی عرب بھی جائیں تاہم حتمی پروگرام طے نہیں ہے، لندن روانگی سے قبل انہوں نے منگل کو اپنے قریبی کابینہ کے ساتھیوں سے انتہائی اہم مشاورت کی۔