• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کی حالت سدھارنے کیلئے الیکشن کے سوا کوئی راستہ نہیں، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فیصلے پارلیمان اور عدالتوں میں نہیں تو بیرکوں میں ہوتے ہیں۔ ملک کی حالت سدھارنے کے لیے الیکشن کی طرف جانے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ سیاسی جماعتوں نے اپنی روش نہ بدلی تو عوام ان کا احتساب کریں گے۔امیر جماعت نے موجودہ ملکی صورتحال کے تناظر میں مرکزی ذمہ داران کا اجلاس بھی اسلام آباد میں بدھ (آج) کو طلب کیا ہے، جس میں تجاویز کی روشنی میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ ایک بیان میں سراج الحق نے کہاکہ آئینی، سیاسی و معاشی بحران کے براہ راست متاثرین عوام ہیں جو مہنگائی اور بدامنی کی چکی میں پس رہے ہیں، وی آئی پی کو کوئی فرق نہیں پڑتا اور ملک میں وہی وی آئی پی جو اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے۔سیاسی اسٹیک ہولڈر کی حیثیت سے جماعت اسلامی قومی انتخابات چاہتی ہے اور اس کی الیکشن میں جانے کے لیے مکمل تیاری ہے۔سراج الحق نے گیس میٹرماہانہ رینٹ 40روپے سے بڑھا کر 500کرنے اور بند میٹروں پر بھی اسے لاگو کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ ایسا دنیا میں کہیں نہیں ہوتا، یہ ایک قسم کا عوام پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے، حکمراں آئی ایم ایف کی تابعداری میں غریبوں کو ذبح کرنے پر تْلے ہوئے ہیں، کیا یہ لوگ اسی لیے اسمبلیوں میں جاتے ہیں کہ غریبوں کا گلا دبائیں۔
اہم خبریں سے مزید