اسلام آباد(جنگ نیوز) عمران خان کے سابق قریبی ساتھی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عون چوہدری نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے دوران عدت مبینہ نکاح کیس میں بطور گواہ اپنا بیان قلمبند کروا دیا۔ تفصیلات کے مطابق گواہ عون چودھری نے سینئر سول جج نصر من اللہ کی عدالت میں وکیل رضوان عباسی کو بیان قلمبند کروایا۔ عون چوہدری نے بیان قلمبند کراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بننے کی پیشگوئی پر عمران نے بشری سے دوران عدت نکاح کیا، میں عون چودھری عمران خان کا پرسنل و پولیٹیکل سیکرٹری تھا، میں عمران خان کے انتہائی قریب تھا،میں عمران خان کے تمام سیاسی و ذاتی معاملات دیکھتا تھا،عمران خان کی طلاق ریحام خان سے 2015 میں ہوئی،طلاق اس وقت ہوئی جب بشریٰ بی بی نے عمران خان کو کہا کہ فوری طلاق دے دو یہ تمہارے لئے بہتر ہے،اس وقت ریحام خان ملک میں موجود نہیں تھی،بشریٰ بی بی کے کہنے پر عمران خان نے بذریعہ ای میل طلاق دی،عمران خان طلاق کے بعدکافی ذہنی پریشانی کا شکار رہے۔ عون چودھری نے کہا کہ عمران خان مجھے بشریٰ بی بی کے پاس لے جانے کا کہتے تھے،کچھ ماہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا،31 دسمبر 2017 کو کہا کہ کل بشریٰ بی بی سے نکاح کرنا ہے،یکم جنوری 2018 کو نکاح کیلئے انتظامات کرنے کاکہا،میں نے حیرانگی سے کہا بشریٰ بی بی تو پہلے سے شادی شدہ ہیں،اس پر عمران خان نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی طلاق ہو گئی ہے۔