کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر اطلاعات اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈیجیٹل میڈیا کے انچارج شرجیل انعام میمن نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی جماعت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دور حکومت کی پالیسوں سے ملک کو نہ صرف اندرونی محاذ بلکہ سفارتی محاذ پربھی نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی محاذ پر عمران خان کی پالیسیوں سے پاکستان تنہائی کا شکار ہوا تاہم پیپلز پارٹی کے چیئرمیں بلاول بھٹو زرداری نے کئی ممالک سے منقطع تعلقات بحال کئے ہیں مگر پی ٹی آئی کے لیڈروں کی طرف سے بلاول بھٹوکے دورہ بھارت پر تنقید اور پروپیگنڈے سے گریز نہیں کیا گیا۔ گزشتہ روزکوئٹہ میں پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے زیراہتمام ڈیجیٹل میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ڈیجیٹل میڈیا کے دوستوں نے پی ٹی آئی کے جھوٹ ملک دشمن پالیسیوں کا ہر محاذ پرموثر جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گالم گلوچ کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے لیکن پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے شائستگی کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور جمہوری انداز میں انکا مقابلہ کریں۔