اسلام آباد (خالد مصطفیٰ ) اٹک آئل ریفائنری کے ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں میں ہائی اسپیڈ آئل (ایچ ایس ڈی ) رکھنے کی گنجائش محض25فیصد رہ گئی ہے ۔اس کی وجہ ٹینکوں کی استعداد بڑھانے پر عدم توجہ بتائی جاتی ہے ۔اے آر ایل کی ڈیزل ذخیرہ کرنے کی استعداد میں کمی کی مختلف وجوہ بتائی جاتی ہیں ۔جس میں اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات کا سپلائی میں شامل ہونا بھی ہے ۔ جس کی وجہ سے اٹک آئل ریفائنری کی انتظامیہ کو32400بیرل یومیہ تیل صاف کرنے والے یونٹ کو بند کرنے کے سوا کوئی چارہ نہ رہا ۔ریفائنری اور اس سے متعلق یونٹس کو5دنوں کے لیے بند کرنا پڑا۔ اس دوران ریفائنری کی کارکردگی 25فیصد رہ جائے گی ۔ تا ہم وزارت توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا کے مطابق مطلوبہ ضروریات دیگر ذرائع سے پوری کی جائیں گی ۔قبل ازیں اے آر ایل نے اوگرا کو ایک خط کے ذریعے ٹینکوں کی گنجائش بڑھا نے کی استدعا کی تھی گزشتہ دو ماہ سے صورتحال مایوس کن ہے اس وقت ریفائنری میں ایچ ایس ڈی ذخیرہ کرنے کی استعداد 17ہزارٹن ہے ۔