کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ گورننگ کونسل کا اجلاس جمعے کو نجم سیٹھی کی صدارت میں ہوا جس میں پی ایس ایل کے میچ دبئی میں کرانے کی تجویز دی گئی البتہ بعض فرنچائزز نے اس کی مخالفت کی۔ ذمے دار ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اس کے فوائد پر بریفنگ دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ پاکستان میں تماشائی کم آتے ہیں البتہ سیکورٹی سمیت دیگر امور پر اخراجات زیادہ ہوتے ہیں۔ پاکستان میں کھیلنے کیلئے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی بھی نہیں آتے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائز کے اعتراض کے بعد چیئرمین نجم سیٹھی نے جائزہ لینے کی تجویز دی۔ اجلاس میں پی ایس ایل کی ساتویں اور آٹھویں ٹیم پر بھی بات ہوئی۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ میں ٹیموں کیلئے بہت دلچسپی پائی جاتی ہے۔ فرنچائزز نے ٹیموں کے اضافے پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ان کیلئے کھلاڑی کہاں سے آئیں گے۔ پی سی بی نے فرنچائزز کو یقین دلایا کہ انہیں نقصان نہیں ہوگا ۔ نجم سیٹھی نے کھلاڑیوں اور ٹیموں کی شمولیت کا جائزہ لینے کیلیے درخواست کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی ایس ایل 8 سے غیر معمولی منافع ہوا ہے ۔ تفصیلات سے جلد فرنچائزز کو آگاہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اگلی مدت کے براڈ کاسٹنگ رائٹس کیلئے بڈ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ پی سی بی نے پاکستان ویمن لیگ کے لیے فرنچائزز کو ٹیمیں لینے کا کہا ہے۔ پاکستان ویمن لیگ کے حوالے سے پیشکشوں کے بارے میں پی سی بی فرنچائزز کو تجاویز دے گا۔