اسلام آباد( نمائندہ جنگ)پاکستان اور چین نے علاقائی امن، خوشحالی کے فروغ اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے فریقین نے دونوں ممالک کے مشترکہ فائدے کیلئے تجارت، معیشت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور گہرا کرنے کی ضرورت پر زور دیا دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے دو طرفہ تبادلوں، عوام کے عوام سے روابط اور ثقافت و سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا،ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عوامی جمہوریہ چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ چِن گانگ کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا ملاقات میں وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر، چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ اور پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی چینی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، افہام و تفہیم اور خیر سگالی پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک بنیادی امور پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔