لاہور(نیوز ایجنسیاں، جنگ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اگلے ہفتے سے 14مئی تک مسلسل جلسے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 مئی کو الیکشن نہ ہوئے تو سڑکوں پر آئینگے،سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا تو آئین ختم ہو جائیگا، ملک کو آئین کے مطابق چلانا چاہتے ہیں، یہ بھیڑ بکریاں سمجھ کر اس خیال میں ہیں کہ الیکشن نہیں ہونگے یہ کسی بھول میں ہیں، انہوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا، قوم آئین اور ججوں کیساتھ کھڑی ہے، عوام میں نکل کر ججوں کیخلاف مافیا کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرونگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی قیادت میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ہفتے کولاہور، کراچی، حیدرآباد، سانگھڑ،پشاور، اسلام آباد، مردان سمیت دیگر شہروں میںچیف جسٹس پاکستان سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں ریلی کی قیادت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کی، ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، ریلی عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک سے شروع ہو کر لکشمی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔لکشمی چوک پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمرا ن خان نے کہا کہ14مئی کو انتخابات نہ ہوئے تو عوام سڑکوں پر ہونگے، جب تک الیکشن نہیں ہوتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔مجھے دو بار قتل کرنے کی کوشش کی گئی، ہمارے اوپر قاتلانہ حملے ہوئے کسی کو پرواہ نہیں، قوم کا نقصان ہو رہا ہے ان کو پرواہ نہیں، اس وقت ملک میں الیکشن کی ضرورت ہے، الیکشن کے ذریعے عوامی نمائندوں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے۔جنرل باجوہ نے اس ملک کو مہنگائی اور تباہی کا تحفہ دیا ہے، جنرل باجوہ نے جو اس ملک کے ساتھ کیا وہ دشمن بھی نہ کرے، شہباز شریف سے پوچھتا ہوں کہ آپ برطانیہ کیا کر رہے ہو؟ جو آج پاکستان کے حالات ہیں اب قوم کو باہر نکلنا چاہیے، آزادی کیلئے سیاست نہیں جہاد ہوتا ہے۔ہم قانون کی حکمرانی قائم کرنے کیلئے جہاد کر رہے ہیں، ہم تب تک سانس نہیں لیں گے جب تک الیکشن کروا کر آزاد نہیں ہوتے، امپورٹڈ حکومت میں تین گنا مہنگائی زیادہ ہوئی، مہنگائی میں لوگ ڈوب رہے ہیں، انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں، امپورٹڈ حکومت کی وجہ سے دنیا میں پاکستان ذلیل ہو رہا ہے۔جس طرح کا رویہ بھارتی وزیر خارجہ کا تھا ہم سب کیلئے شرمندگی کا باعث ہے، بلاول بھٹو نے جانے سے پہلے کسی سے پوچھا کہ اس دورے کا فائدہ یا نقصان کیا ہو گا؟، بھارتی وزیر خارجہ سے بھی پوچھتا ہوں کہ کیا آپ میں کوئی تہذیب ہے؟ اپنے ملک میں ایک مہمان کو بلا کر اس طرح کا رویہ بھارت کو زیب نہیں دیتا۔قبل ازیں ریلی کے آغاز پرعمران خان نےپیغام دیا کہ آپ جہاں بھی ہیں آپ کیلئے ضروری ہے آئین سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کیلئے گھر سے باہر نکلیں۔انہوں نے کہا کہ آج ایک گھنٹے کے لیے آپ نے ہر صورت میں باہر نکلنا ہے، اگر اس ملک کا آئین ٹوٹ گیا تو ملک ٹوٹ جائے گا، اگر انہوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا تو آئین ختم ہو جائے گا، اگر ایسا ہوا تو اس ملک کا اور آپ کے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔