• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چارلس برطانیہ کے 40 ویں بادشاہ بن گئے، بکنگھم پیلس میں تقریب تاجپوشی، شہباز شریف سمیت 100 عالمی رہنماؤں کی شرکت

لندن (اے پی پی،جنگ نیوز)برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے بکنگھم پیلس میں ہونے والی تقریب کے دوران شاہی تاج سر پر سجالیا جس کے بعد وہ برطانیہ کے 40ویں بادشاہ بن گئے شہزادہ ولیم ولی عہد مقرر کیا گیا ہے۔ آرچ بشپ آف کینٹربری نے شاہ چارلس سے حلف لیا،کوئین کونسورٹ کمیلا کی بھی تاج پوشی کی گئی۔تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت 100 عالمی رہنمائوں نے شرکت کی ۔لندن کے ویسٹ منسٹر ایبے میں ہونے والی طویل شاہی تقریب میں برطانوی ثقافت کی بھرپورعکاسی کی گئی۔تاجپوشی کی روایتی قدیم رسومات ادا کی گئیں، شاہ چارلس نے انجیل پر حلف اٹھایا، حلف اٹھانے کے بعد سنہری شاہی پوشاک پہنائی گئی، بادشاہ چارلس نے صدیوں پرانی سینٹ ایڈورڈ چیئر سنبھالی، انہیں شاہی علامات پیش کی گئیں، جس کے بعد آرچ بشپ نے شاہ چارلس کو کنگ ایڈورڈ تاج پہنایا۔تاج پوشی کی تقریب میں شاہی خاندان سمیت دنیا بھر سے 2000 سے زیادہ مہمانوں نے شرکت کی۔ 74 سالہ شاہ چارلس برطانوی تخت پر براجمان ہونے والی 40 ویں شخصیت ہیں۔ وہ برطانیہ کے علاوہ 14 دولتِ مشترکہ کے ممالک کے بھی بادشاہ ہیں جن میں آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ بھی شامل ہیں ۔بادشاہ چارلس14 نومبر 1948کو پیداہوئے اور انہیں 1969 میں باقاعدہ طور پر پرنس آف ویلز بنایاگیا جبکہ بادشاہ چارلس نے فوجی خدمات بھی انجام دیں۔بادشاہ چارلس کے دوبیٹے شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری ہیں، بادشاہ چارلس کے بیٹے شہزادہ ولیم کو اب پرنس آف ویلز کا اعزاز عطا کردیا گیا ہے اور وہ اگلے بادشاہ ہوں گے۔پاکستانی وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری تفصیلات کے مطابق 70 سالوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی برطانوی بادشاہ کی رسمِ تاجپوشی منائی جا رہی ہے۔اس سے قبل ان کی والدہ آہنجانی ملکہ الزبتھ دوم 1953 میں تخت پر براجمان ہوئی تھیں۔ 

اہم خبریں سے مزید