اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ حکومت کیلئے بین الاقوامی تعلقات سمیت ہر چیز کھیل تھی، عمران خان نے ماضی میں بھی ملکی مفادات کو نقصان پہنچایا، پی ٹی آئی کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی شرکت کو متنازع بنانے کی کوششیں تکلیف دہ ہیں تاہم اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں ہونی چاہئے، جب وہ اقتدار میں تھے تو انہوں نے تب بھی یہی کیا۔ ہفتہ کو بھارت کے شہر گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کی شرکت پر پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ انتہائی پریشان کن ہے کہ پی ٹی آئی نے کس طرح پاکستان کی اس کانفرنس میں شرکت پر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ حیرت کی بات نہیں ہونی چاہئے کیونکہ عمران نیازی کو ماضی میں بھی ملک کی اہم خارجہ پالیسی کے مفادات کو نقصان پہنچانے میں کوئی عار نہیں تھا۔