کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات جب بھی کسی اہم موڑ پر ہوتے ہیں عمران خان احتجاج کا اعلان کردیتے ہیں، آرمی چیف کے دورے کے بعد امکان پیدا ہوا چین دوبارہ سی پیک آگے بڑھائے گا، پروگرام میں سلیم صافی ،محمد مالک اورمشرف زیدی نے بھی اظہار خیال کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ماضی میں عمران خان نے چینی صدر کے دورئہ پاکستان کو سبوتاژ کیا تھا، آج چینی وزیرخارجہ کے دورئہ پاکستان پر احتجاج کی کال دیدی، عمران خان کا ہدف کیا ہے یہ کس کے اشارے پر سیاست کرتے ہیں،احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ مذاکرات میں آئین کے مطابق حل نکلے،مذاکرات کے ذریعہ حل نکالنے کی کوشش کی مگر عمران خان اپنی بات منوانا چاہتے ہیں، سپریم کورٹ نے 14مئی کا فیصلہ کسی سیاسی جماعت کو سنے بغیر عجلت میں دیا، سندھ اور بلوچستان کی اسمبلیوں کو پنجاب کے الیکشن اپنے الیکشن سے پہلے قبول نہیں ہیں، پنجاب حکومت باقی صوبوں اور قومی اسمبلی کے الیکشن پر اثرانداز ہوسکتی ہے، عمران خان نے اپنی حماقت یا کسی کے کہنے پر دو اسمبلیاں تحلیل کیں ان کی غلطی کی سزا باقی صوبوں کے عوام کو کیسے دی جاسکتی ہے۔