کوئٹہ(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد رحیم کاکڑ، آغا عمر شاہ، سید اقبال شاہ، میر وائس ایڈووکیٹ، مزمل شاہ ایڈووکیٹ، احمد شاہ ایڈووکیٹ، عمر فاروق ایڈووکیٹ، عبداللہ ایڈووکیٹ، شاہ مسعود کاکڑ و دیگر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ ڈسٹرکٹ کی آبادی 40 لاکھ ہے مگر حالیہ مردم شماری میں 20لاکھ کردی گئی اس ناقابل معافی جرم کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مردم شماری میں ہونیوالی غلطیوں کو درست کیا جائے اور کوئٹہ کی آبادی اصل حالت میں ریکارڈ کی جائے کیونکہ یہ کوئٹہ کے شہریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ درایں اثناء محمد رحیم کاکڑ نے بیان میںکہا کہ سیاست شائستگی کا نام ہے ۔سیاسی باتوں کا جواب سیاسی انداز میں دیا جائے نہ کہ کسی کی تذلیل کی جائے ۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ علماء و سیاسی رہنمائوں کے بارے میں سوشل میڈیا پر نازیبا الفاظ کی مذمت کرتے ہیں تمام سیاسی جماعتیں اپنے کارکنوں کی سیاسی تربیت کریں ۔ ہمارے لئے تمام رہنما و کارکن قابل احترام ہیں اور ہم بھی ان سے اسی کی توقع رکھتے ہیں۔