اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے معمولی سیاسی فائدے کی خاطر پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسی کو بدنام کرنا اور دھمکیاں دینا معمول بنا لیا ہے اس کا یہ فعل انتہائی قابل مذمت ہے۔ اتوار کو اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ جنرل فیصل نصیر اور ہماری انٹیلی جنس ایجنسی کے افسران کے خلاف بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔علاوہ ازیں سابق صدرآصف علی زرداری کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اداروں کوبدنام کرنے کی کوشش نےعمران خان کاحقیقی چہرہ بے نقاب کردیا‘عمران خان اداروں کوبدنام کرنے کی ہرحد عبورکرچکا، بس بہت ہوگیا، اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ ایک شخص میرے آباؤاجداد، میرے بچوں اور ملک کو تباہ کرنے کے درپے ہے جس کی اجازت نہیں دیں گے، یہ وہ ملک ہے جہاں ہم سب نے دفن ہونا ہے، ہم ایک شخص کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہماری اقدار اور ہمارے ملک کے ساتھ کھلواڑ کرے۔سابق صدر کا کہنا تھاکہ میجر جنرل فیصل سمیت پاک آرمی کے بہادر اور مایہ ناز افسران پر الزامات دراصل اس ادارے پر حملہ ہے کہ جس کے ساتھ پورا پاکستان کھڑا ہے، عمران خان جھوٹ سےکارکنوں کوبیوقوف بنارہا ہے اور میں عمران خان کا زوال دیکھ رہا ہوں۔علاوہ ازیں اتوار کو اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر پاکستانی نژاد حمزہ یوسف سے ملاقات کے بعد لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہناتھاکہ بہت جلد اسکاٹ لینڈ میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں اسکاٹش سرمایہ کاروں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔