کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو دوسرے ون ڈے میں 78 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔ پاکستان نے پہلا ون ڈے 9 وکٹوں سے جیتا تھا۔ پیر کو چٹوگرام میں پاکستان نے50اوورز میں271رنز بنائے۔ پاکستانی اننگز کی خاص بات آزان اویس کی شاندار سنچری تھی جنہوں نے 125گیندوں پر پندرہ چوکوں کی مدد سے 105رنز اسکور کیے۔ کپتان سعد بیگ نے51 رنز بنائے۔ شامل حسین 33 اور عامر حسین29 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ اقبال حسین ایمون نے 72رنز دے کر 4 اور مظفر رحمن نے52 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں ہوم ٹیم 47 اوورز میں 193 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔