اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور پی ٹی آئی کے متعدد لیڈر پاکستان کی پرائم انٹیلی جنس ایجنسی کے افسروں کیخلاف بالعموم اور ایک سینئر افسر کیخلاف بالخصوص ہرزہ سرائی کر رہے ہیں وہ اور انکے رفقاء پاکستان کی جڑیں کاٹ رہے ہیں چیئرمین پی ٹی آئی عوام اور افواج کے درمیان رشتوں میں بگاڑو دراڑ ڈالنے کیلئے کوشاں ہیں .
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز آئی ایس پی آر کا گزشتہ روز جاری ہونیوالا بیان اس امر کا شاہد ہے کہ عمران خان اور اُنکے رفقاء جس قسم کی زبان مسلح افواج کیخلاف استعمال کر رہے ہیں‘ ایک سال کے عرصے میں اُنکے بیانات سن سن کر مسلح افواج کا پیمانہ صبر لبریز ہو گیا ہے۔
ایک وڈیو انٹرویو میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے بعض لیڈر عوام اور افواج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مسلح افواج اور پاکستانی قوم کے درمیان اعتماد کا مضبوط رشتہ ہے اُس کو نقصان پہنچانے کی کاوشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے تمام محب وطن سیاسی جماعتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو کمزور کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آج جو مسلح افواج کی طرف سے آئی ایس پی آر نے سٹیٹمنٹ جاری کی اُس کو دیکھنے کے بعد یہ لگتا ہے کہ افواج کا صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا ہے۔ پچھلے ایک سال سے عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے کچھ دوسرے لیڈر جس طرح ہماری پرائم انٹیلی جنس ایجنسی کے سینئر افسروں اور بالخصوص ایک بڑے ہی سینئر افسر کیخلاف اور ادارے کے حوالے سے لوگوں کے ذہنوں میں خدشات اور بدظنی پیدا کر رہے ہیں۔ عوام اور مسلح افواج کے درمیان ایک خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ قوم اپنی مسلح افواج پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ایک ایسا اعتماد کا رشتہ ہے کہ مسلح افواج اپنی جانیں دیتی ہے ملک و قوم کیلئے‘ یہ ہماری ملک اور قوم کی سلامتی کی ضامن ہیں اور قوم کو اس پر ناز ہے فخر ہے۔ آپ ایسی بدظنی پیدا کر رہے ہیں‘ پاکستان کی جڑیں کاٹ رہے ہیںاور پاکستان کی جڑوں پر وار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ وقت ہے کہ ایسے کاموں کی اور عوامل کی نہ صرف سرکوبی کی جائے بلکہ اسکی شدید مذمت کی جائے‘ اسے روکا جائے‘ اس کیلئے تمام قومی لوگوں کو‘ تمام محب وطن لوگوں کو آگے آنا ہو گا۔ ایسے عناصر کو روکنا ہو گا جو پاکستان کو کمزور کریں اور پاکستانی عوام اور مسلح افواج کے درمیان رشتوں کے اندر بگاڑ اور دراڑ ڈالنے کی کوشش کو روکنا ہو گا اور اسکی مذمت کرنا ہو گی۔ اس کیلئے سب اپنا رول ادا کریں۔