کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھا ون ڈے انٹر نیشنل جیت کر آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی لیکن اتوار کی رات آخری میچ میں شکست کے باعث ون ڈے رینکنگ میں صرف 48گھنٹے بعد پہلے نمبر سے پاکستان تیسری پوزیشن پر پہنچ گیا۔ پاکستان دنیا کی ان ٹیموں میں شامل ہے جس کو کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔لیکن پاکستان کیلئے دو کا ہندسہ منفرد رہا ہے۔ پاکستان ٹیم ٹی 20میں دو سال تک عالمی نمبر ایک پوزیشن پر رہی۔2016میں مصباح الحق کی قیادت میں ٹیسٹ کرکٹ میں یہ پوزیشن دو ماہ تک قومی ٹیم کے پاس رہی ۔ اسی سال انگلینڈ کی ٹیم تین دن کے لئے عالمی نمبر ایک بنی۔ سرفراز احمد ٹی 20فارمیٹ میں پاکستان کے کامیاب ترین کپتان رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان ٹیم دو سال سے زائد عرصے تک پہلی پوزیشن پر رہا۔