کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری پر مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے اپنے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ہے ،جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ پاکستان سے بڑھ کر کچھ نہیں، عمران خان کی گرفتاری مکافات عمل ہے، تحریک انصاف ملک کیلئے سیکورٹی رسک بن چکی ہے ، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے عمران خان کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران کو سچ بولنے کی سزا دی گئی ہے، اداروں کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا تشویشناک ہے، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری و صوبائی صدر علامہ باقر عباس زیدی اور دیگر رہنماوں نے عمران خان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک وقوم ایک مرتبہ پھر سے مشرقی پاکستان جیسے سانحہ کے متحمل نہیں ہو سکتے، سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتارکر کے عوام کو حقیقی آزادی کی جدوجہد سے روکا نہیں جا سکتا،جے یو آئی کے مرکزی رہنما حافظ احمد علی نے کہا ہے کہ عمران کی گرفتاری پر اپنے رد عمل میں کہا کہ انتقامی بنیادوں پر سیاسی رہنماؤں کی گرفتاری کا نتیجہ قوم کے لئے فائدہ مند ثابت نہیں ہوگا، پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری سے یقینی طور پر افراتفری میں مزید اضافہ ہوگا، جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے عمران نیازی کی کرپشن کیس میں گرفتاری کو خوش آئند اور قانون کے مطابق قرار دیا ہے۔