کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان بابر یوسفزئی نے پاکستان تحریک انصاف کو کالعدم اور عمران خان کو تاحیات ناہل قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا سب کے سامنے واضح ہوگیا ،وہ سب کچھ دشمنوں کے کہنے پر کررہے ہیں اور ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں وزیراعلیٰ کے کوآرڈینٹرز موسیٰ جان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا ،قانون کے تحت عمران خان کی گرفتاری کے خلاف شرپسندوں کی توڑ پھوڑ انتہائی قابل مذمت ہے، گزشتہ روز جو کچھ ہوااس قسم کے واقعات ملک توڑنے کی سازش ہے اور اس میں وہ قوتیں شامل ہیں جو پاکستان میں انتشار چاہتی ہیں اور جب بھی پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو یہ قوتیں ملک میں افراتفری پھیلاتی ہیں تاکہ ملک کا ماحول خراب ہو،عمران خان بھارتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہوکر ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں ، گزشتہ روزجس طرح سیکورٹی فورسز اور حساس تنصیبات پر حملے کئے گئے وہ قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستا ن تحریک انصاف کو کالعدم قرار دے کر اس پر پابندی عائد اور عمران خان کو تاحیات ناہل قرار دیا جائے ۔