• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران، سعودی عرب قریب آرہے ہیں، ہمیں بھی انتہاؤں سے پیچھے ہٹنا ہوگا، سراج الحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے ملک کی موجود ہ صورتحال اور کراچی آمد کے موقع پر اپنے ایک بیانمیں کہاکہ ایران اور سعودی عرب قریب آرہے ہیں، ہمیں بھی سیاسی انتہاؤں کو چھوڑ کر پیچھے ہٹنا ہوگا، ملک اس وقت بدترین بحران سے دوچار ہے،اس بحران سے نکلنے کا واحد راستہ الیکشن ہی ہے،جماعت اسلامی سیاست میں تشدد اور انتہا پسندی کے خلاف ہے،ہم جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ملک کے لیے تباہ کن سمجھتے ہیں،پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی سیاست نے پوری دنیا میں ملک کو تماشہ بنادیا ہے،معیشت تباہ ہوگئی ہے، آئینی ادارے آپس میں آمنے سامنے ہیں،جس کا سو فیصد نقصان ملک اور عوام کو ہو رہا ہے،قومی املاک کی بربادی پر ہر پاکستانی فکر مند ہے،ہمیں ایک مہذب قوم بننے کے لیے قانونی کی حکمرانی پر اتفاق کرنا ہوگا، سیاست میں عدم برداشت، سیاست کے خاتمے کا باعث بنتا ہے،ضروری ہے کہ ملک کے ہر شہری کے ساتھ قانون کے مطابق پیش آیا جائے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک کی سب سے بڑی ضرورت اورموجودہ دلدل سے نکلنے کاواحد راستہ یہ ہے کہ الیکشن ہوں اور ایک دن میں ہوں اور اس کے لیے نگراں حکومت قائم کی جائے اور اگست کے پہلے ہفتے میں عید الاضحی کے بعد الیکشن پر اتفاق کرلینا چاہیئے اور اس پر تمام اسٹیک ہولڈرز اتفاق رائے کریں۔دھاندلی سے پاک اور اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کے بغیر الیکشن ملک کی ضرورت ہے۔سراج الحق نے کہاکہ ہم نے اس ایجنڈے پر پہلے بھی تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں اور مذاکرات کیے اور سپریم کورٹ میں بھی بات کی کہ کوئی باہر سے ہمیں سنبھالنے نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہم کسی بھی قسم کے تشد د کی حمایت نہیں کرتے، جلسے جلوس عوام کا حق ہے،پنجاب اور کے پی کے دونوں صوبوں میں نگراں حکومت ہے اور یہ غور طلب سوال ہے کہ پرتشدد کاروائیوں کو کیوں نہیں روکا گیا؟،نگراں حکومتوں نے غفلت کا مظاہرہ کیا اور یہ ناکام ثابت ہوئی ہیں، ہم تشدد کی کاروائیوں کے بھی مخالف ہیں اور بے گناہوں پر تشد د کے بھی خلاف ہیں،موجودہ لڑائی میں قومی املاک کا نقصان ہوا، معیشت تباہ ہوئی اور ڈالر اوپر چلاگیا، جماعت اسلامی کوئی بھی غیر آئینی اقدام قبول نہیں کرے گی،کیونکہ آئینی راستہ موجود ہے،پورے ملک میں عید الاضحی کے فوری بعد انتخابات کروائے جائیں۔

اہم خبریں سے مزید