اسلام آباد (جنگ نیوز) چین کے وزیر خارجہ کن گانگ کی پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر سے ہونیوالی حالیہ ملاقات دونوں ملکوں کے روابط کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کریگی۔ چین پاکستان کا آزمودہ دوست ملک ہے۔ چین زرعی شعبے کی ترقی کیلئے غیر معمولی کردار کرنے کی استعداد رکھتا ہے۔ چین کے چاول کے ہائی برڈ بیج پاکستان میں بیحد کامیاب ہوئے ہیں‘ اس سے چاول کی پیداوار میں غیر معمولی اضافہ پایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایوان ہائے تجارت و صنعت کے کل پاکستان وفاق کے سابق صدر اور سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے موجودہ صدر افتخار علی ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں چین‘ ایران‘ ترکی جیسے پاکستان کے آزمودہ دوست ممالک موجود ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کو مالی‘ مالیاتی اور معاشی پہلوؤں سے فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔ ایس سی او کے تحت رکن ممالک کیلئے توانائی کے مشترکہ منصوبے بنانا ہونگے‘ رکن ممالک کیلئے آئی ایم ایف کی طرز پر ایس سی او فنڈ اور بینک کا قیام ناگزیر ہو گیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں سی پیک کا دوسرا مرحلہ تیز رفتاری سے مکمل ہو گا۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ ایس سی او کے پلیٹ فارم سے توانائی ، تجارت ، مواصلات اور سرمایہ کاری کیلئے جو بھی منصوبے بنیں گے پاکستان اور بھارت اُن سے براہ راست مستفید ہو سکیں گے۔