لندن (مرتضیٰ علی شاہ/ایجنسیاں)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کے سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق ریمارکس پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے عمران خان کو یہ تو کہا کہ آپ کو دیکھ کرخوشی ہوئی‘یہ بھی کہہ دیتے کہ آپ قوم کے 60 ارب روپے لوٹ کرآئے ہیں‘آپ سے مل کربڑی خوشی ہوئی۔ صحافی کے سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ گڈ لک ود یور 60 بلین روپیز۔ ادھر مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور مرکزی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ چیف جسٹس صاحب، آپ اب عدلیہ ہی نہیں آئین و قانون نظام انصاف اور ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکے ہیں‘ ملکی تقدیر سے کھیلنے والے ایک دہشت گرد کے سہولت کار بننے کے بعد آپ اپنا وقار کھو چکے ہیں‘ آپ اپنی کرسی کو عمران خان کی سیاست کے لیے استعمال کر رہے ہیں تو اب سیاسی رد عمل کے لئے تیار رہیں۔جمعہ کو اپنے بیان میں مریم نوازکا کہناتھاکہ چیف جسٹس ہونے کا مطلب ریاست کو اس شخص کی غلامی میں دینا نہیں جس نے اپنے پالتو غنڈوں کے ذریعے قومی وقار اور ملکی دفاع کی ہر علامت کو جلا کر راکھ کردیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے شخص کو کسی بھی مقدمے میں گرفتاری سے روکنا، اسے شاہی مہمان بنا کر رکھنا، اس کے نخرے اٹھانا ہر پاکستانی کے علاوہ ان شہیدوں اور غازیوں کی توہین ہے جن کی ہر نشانی پر حملہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ فتنہ گرفتاری کے ڈر سے عدالت میں چھپا بیٹھا ہے‘اگر عدالت سے گرفتار کرنا غلط ہے تو کیا ایک مجرم کو عدالت کو اپنی پناہ گاہ بنانے کی اجازت دینا بھی کوئی نیا قانون ہے؟ اس دہرے معیار پر شرم آتی ہے۔