کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کا طرز عمل نظام عدل کیلئے خطرہ بن گیا ہے، پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں رہی نازی پارٹی بن چکی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ سپریم کورٹ کے کچھ ججز 2017ء سے ایک سیاسی ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، اسی ایجنڈے کے تحت نوازشریف کو نااہل کر کے عمران خان کے اقتدار میں آنے کا راستہ ہموار کیا گیا، عمران خان نے سپریم کورٹ کے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی بحالی کے فیصلے کو سات ماہ تک پیروں تلے روندا کسی نے ان سے نہیں پوچھا، عمران خان کی ہائیکورٹ کی حدود سے گرفتاری کو بڑا ایشو بنادیا گیا، عمران خان کے دور میں شہباز شریف سمیت کئی لوگ عدالتوں کی حدود سے گرفتار ہوئے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قوم کو 190ملین پاؤنڈ یعنی 60ارب روپے کا حساب دینا ہے، چیف جسٹس اس سے جواب مانگنے کے بجائے کہہ رہے ہیں آپ سے مل کر خوشی ہوئی، دنیا میں کون سی عدالت کسی ملزم کو ایسا ریڈ کارپٹ ٹریٹمنٹ دیتی ہے۔