اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ) جمعیت علمائے اسلام نے سپریم کورٹ کے باہر پی ڈی ایم کے تحت مجوزہ دھرنا چیف جسٹس کے استعفے تک جاری رکھنے کا اعلان کردی، جے یو آئی اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مجرم کو تحفظ کیا گیا، ہم نے اداروں کا تحفظ اور ججز کے بگاڑ کو سیدھا کرنا ہے۔ مولانا فضل الرحمن کے ترجمان نے کہا ہے کہ دھرنے میں ایک لاکھ سے زائدکارکنان شرکت کریں گے، تمام صوبوں سے ہزاروں کارکنوں کے قافلے اسلام آباد لانے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کے قافلے ڈاکٹرعتیق الرحمان کی قیادت میں اسلام آبادآئیں گے، بلوچستان کے قافلے کی قیادت عبدالغفورحیدری اور مولاناعبدالواسع کریں گے۔ سندھ سے قافلے راشد محمود سومروکی قیادت میں اسلام آباد پہنچیں گے، خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کے قافلے کی قیادت اکرم خان درانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور سے آنے والے قافلے کی قیادت مولاناعطاالرحمان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دھرنا چیف جسٹس آف پاکستان کے استعفے تک جاری رہے گا۔دھرنے میں شرکت کیلئے خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع اور پنجاب سے کارکنان پیر کوروانہ ہوں گے جبکہ کراچی سے جے یوآئی کے کارکنوں کے قافلے (آج) اتوار کو روانہ ہوں گے۔