اسلام آ باد (آئی این پی ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کردی۔ ہائیکورٹ نے عمران خان کو ملی عبوری ضمانت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان تفتیش میں رکاوٹ ڈالیں تو نیب ضمانت منسوخی کی درخواست کر سکتاہے، تفتیشی کو جب بھی ضرورت ہو عمران خان انکے سامنے پیش ہوں۔ حکمنامے میں کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی نے کہا آرٹیکل 245 کا نفاذ ہے لہٰذا عمران خان کو ریلیف نہیں مل سکتا۔ عدالت نے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی کا یہ موقف جارحانہ ہے، اس موقف کا مطلب وہ بنیادی حقوق غصب کرنا ہے جو جمہوری اور اسلامی ریاست کی بنیاد ہیں، تصور نہیں کیا جا سکتا ایک ذمہ دار حکومت شہریوں کیلئے انصاف کی رسائی میں یہ رکاوٹ ڈالے گی۔