• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی سی پی او پشاور سید اشفاق انور نے چارج سنبھال لیا

پشاور (کرائم رپورٹر ) پشاور کے نوتعینات کیپٹل سٹی پولیس آفیسر سید اشفاق انور نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا جبکہ چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے پولیس افسران سے تعارفی اجلاس بھی کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید خان ، ڈی پی اوخیبر سلیم عباس کلاچی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن شہزداہ کوکب فاروق، کمانڈنٹ کیمپس نور جمال خان ، چیف ٹریفک آفیسرقمر حیات خان ودیگرافسران بھی موجود تھے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او سید اشفاق انور نے کہا کہ خیبر پختونخوا باالخصوص پشاور پولیس شہیدوں اور غازیوں کی پولیس ہے جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ سمیت ہر قسم کے نا مساعد حالات میں ہر اول دستے کا کردار اداکیا۔انہوں نے کہا کہ فورس اور عوام کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااور عوام کو خدمت کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے ۔ تھانہ جات ، چوکیات ،دیگر حساس عمارتوںکی سکیورٹی و صفائی انتظامات اور دوران ڈیوٹی حفاظتی اقدامات ہیلمٹ اور جیکٹ کے استعمال کو بھی یقینی بنائیں ۔انہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ ، اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام و شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کی خاطر نئی حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ایف آئی آر کے اندراج کو یقینی بنائیں ، میرٹ کی بالادستی و شفاف تفتیشی نظام کی بدولت معاشرے کو سماج دشمن عناصر سے پاک کیا جا سکتا ہے، پولیس اہلکاروں کی تعیناتی ان کی بہترین کارکردگی سے مشروط کر دی گئی ہے۔سی سی پی او نے لینڈ مافیا کےخلاف جاری کریک ڈاون میں مزید تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث دیگر افراد کا ڈیٹا مرتب کرکے ان کےخلاف بھی بلا تفریق کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی۔
پشاور سے مزید