اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان کو اعتراف جرم قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ تمہیں حملوں، دہشت گردی اور بلوائی کا بالکل ویسے ہی نہیں پتہ تھا جیسے تمہیں عدت میں شادی اور ٹیریان کے والد ہونے کا نہیں پتہ۔ عمران خان کی ملک دشمنی ، دہشت گردی اور مسلح جتھے بے نقاب ہو گئے، ایوانِ صدر میں کوئی خفیہ ملاقات نہیں ہو رہی اِس لئے بار بار آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کو پکارا جا رہا ہے، تم اور تمہاری بیوی نے القادر ٹرسٹ میں 458اور 254کنال زمین ہڑپ کی، اب"میری گھڑی میری مرضی"نہیں چلے گا،حساس تنصیبات، عمارتوں ، ایمبولینسز، بچوں، سکولوں، ہسپتا ل، مسجد پر حملوں کے پیچھے تم اور تمہاری منصوبہ بندی ہے۔ شہدا ء اور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کے پیچھے تم اور تمہاری منصوبہ بندی ہے جبکہ تم نے بار بار کہا کہ میں گرفتار ہو اتو حملہ کرنا ہے اور جس کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی تم نے کی۔