پشاور(جنگ نیوز)پشاور میں اشیاخوردنوش سمیت سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ پشاورکی منڈیوں میں جاری قیمتوں کی تفصیلات کے مطابق آٹا،چینی،گھی اور خوردنی تیل کے ساتھ ساتھ سبزیوں اورگوشت کی قیمتیں بھی عام لوگوں کی دسترس سے باہر ہوگئی ہیں اس وقت مارکیٹ میں گوشت8سو روپے جبکہ قیمہ ساڑھے8سو روپے کلو ہوگیاہے مرغی کی فی کلو قیمت بھی435روپے ہوگئی ہے گوشت کے علاوہ اوجری، پائے، کلیجی اور گردے کپوروں کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے اس کے علاوہ سبزیوں کی خریداری بھی لوگوں کی بس کی بات نہیں رہی سبزی منڈی میں آلو سو روپے فی کلو ، بھنڈی 130روپے کلو، اروی120روپے اورکریلا100 روپے کا ہوگیاہے،پیاز ایک سو روپے اور ٹماٹر کی فی کلو قیمت70روپے کلو ہوگئی ہے انڈے بھی250روپے درجن ہو گئے ہیں۔ ٹنڈا سو روپے فی کلو، لہسن 350روپے اور ادرک 750روپے میں فروخت ہو رہا ہے ضلعی انتظامیہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں مکمل بے بس دکھا ئی دے رہی ہے رواں ہفتے کے دوران ملک بھر میں مہنگائی کی شرح 50 فیصد کی ریکارڈ بلند ی کو چھو گئی ہے تاہم پشاور میں مصنوعی قلت پیدا کرکے گوداموں میں موجود خشک اجناس کی قیمت میں بھی بے تحاشا اضافہ کیا گیا ہے،معمولی معیار کا گھی550روپے اور اعلی کوالٹی کی چائے18سو اور عام معیار کی چائے کی قیمت15سو روپے ہوگئی ہے مارکیٹ میں چینی 120روپے فی کلو ، سفید چنا 430روپے فی کلو ، دال چنا تین سو روپے فی کلو اور مٹر تین سو روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے دہی 220روپے فی کلو ، دودھ 220روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے پھلوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں کیلا 200سے 350روپے فی درجن تک فروخت ہورہا ہے تر بوز50روپے کلو اور آم ڈیڑھ سو سے دو سو روپے جبکہ آڑو بھی150روپے پر فروخت ہورہا ہے ۔