پشاور(لیڈی رپورٹر)محکمہ خوراک نے گرانفروشی پر ایچ ایم سی ‘ آر ایم آئی اور نارتھ ویسٹ کے کینٹین منیجرز کیخلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کر دیئے جبکہ ناغے کے دن گوشت کی فروخت پر کارخانوں مارکیٹ سے دو قصابوں کو گرفتار کرلیا۔ سیکرٹری محکمہ خوراک عابد خان وزیر اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ‘ کمال احمد‘ فوڈ انسپکٹر فخر عالم اور فوڈ گرین سپروائزر طیب انور نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس‘ رحمٰن میڈیکل انسٹیٹیوٹ اور نارتھ ویسٹ ہسپتال کے کینٹینوں میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں بارے آگاہی حاصل کی جہاں پر سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی جس پر منیجرز کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے جبکہ کارخانوں مارکیٹ میں ناغے کے دن گوشت فروخت کرنے پر دو قصابوں کو گرفتار کرلیا۔ جن کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی کسی صورت قبول نہیں جس کے خلاف پشاور بھر میں آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور شہر بھر میں محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ شہر سے گرانفروشوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے رعایت کے مستحق نہیں جن کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائیں۔