پشاور( کرائم رپورٹر) چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے پولیس کو سٹریٹ کرائمزاور دیگر جرائم میں ملو ث عناصر سے بہتر انداز میں نمٹنے کی خاطر جامع حکمت عملی ترتیب دینے اور ان کے خلاف گلی محلے کی سطح پر ہیومین انٹیلی جنس کو مزید فعال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت پشاور اور ضلع خیبر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے موثر حکمت عملی اپنانے کی خاطر سی سی پی او سید اشفاق انور کی سربراہی میں خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ،ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں ڈی پی او ضلع خیبر، ڈویژنل ایس پیز ،ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ ہونے والے میٹنگ کے دوران سی سی پی او نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز میں ملوث اور دیگر جرائم پیشہ عناصر سے بہتر انداز میں نبٹنے کی خاطر جامع حکمت عملی ترتیب دینے اور ان کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے جس کے تحت اسنیپ چیکنگ، سرپرائز ناکہ بندیوں ، سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کے سلسلہ کو مزید تیز کیا جائے، گلی محلے کی سطح پر ہیومن انٹیلی جنس کو مزید فعال کیا جائے تاکہ سماج دشمن عناصر سے متعلق بروقت مصدقہ انفارمیشن حاصل کرکے ان کے خلاف فوری ایکشن کو یقینی بنایا جا سکے، شہر میں قیام امن اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کوارڈینیشن کو مزید مربوط بنایا جائے