• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 مئی کے شرپسندوں سے رعایت ہوئی تو ملک نہیں بچے گا، عمران نے کرپشن کی نشاندہی پر جنرل عاصم کو ڈی جی ISI کے عہدے سے ہٹایا، شہباز شریف

اسلام آباد/کوئٹہ (ایجنسیاں)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چشم فلک نے 9 مئی جیسا دالخراش واقعہ پہلے کبھی نہیں دیکھا‘ ہمارے دل میں کوئی انتقام نہیں ہے لیکن شہیدوں کی بے حرمتی کرنے اور ان کی یادگاروں کو پاؤں تلے روندنے والوں کو قانون کٹہرے میں کھڑا کرنا ہو گا، اگر شرپسندوں کے ساتھ کوئی رعایت برتی گئی تو خدانخواستہ یہ ملک نہیں بچے گا‘ سویلین تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف آرمی ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی اورکوئی نئی قانون سازی نہیں ہوگی‘دشمن 75سال میں وہ کام نہ کرسکا جو پی ٹی آئی چیئرمین نے کردیا‘عمران خان نے بشریٰ بی بی کی کرپشن کی نشاندہی پر جنرل عاصم منیر کو ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹایا‘خدا گواہ ہے عمران خان کو 60ارب روپے کی کرپشن پر جو نیب وارنٹ جاری کیاگیااس کا مجھے کوئی علم نہیں تھا‘عمران نے امریکا پر سازش کا الزام لگایا اب اسی سے مددمانگ رہے ہیں‘ابھی بھی دہشت گرد سر اٹھا رہے ہیں لیکن ان کا سر ضرور کچلا جائے گا ۔ پیر کو قومی اسمبلی میں سانحہ 9 مئی کے حوالہ سے بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ یہ بات ان کے ذاتی علم میں ہے کہ جب اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی عمران خان کے پاس پہنچے اور انہیں حقائق کی بنیاد پر ان کی اہلیہ کے کرپشن کے ثبوت فراہم کئے توعمران خان کوغصہ آیا اور باقی تاریخ کا حصہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 60 ارب کی کرپشن کو آپ کہاں لے جائیں گے؟ سعودی ولی عہد کے نادر تحفہ کو بازار میں بیچا گیا اور جعلی رسید دے دی گئی، اس سے زیادہ اس قوم اور برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ سنگین مذاق کیا ہو سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب 60 ارب روپے کی کرپشن پر عمران خان کو نیب نے نوٹس جاری کیا تو انہیں بھی اس کا علم نہیں تھا۔60 ارب روپے قوم کا پیسہ تھا، یہ پیسے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں نہیں قومی خزانہ میں آنے چاہئے تھے، عمران خان نے کابینہ سےزبردستی اس کی منظوری لی۔عمران خان نے امریکی سازش کا الزام لگا کر پاک۔امریکا تعلقات کے پرخچے اڑائے‘ اب عمران خان امریکا سے مدد مانگ رہے ہیں، عمران خان نے پاکستان کے خارجہ تعلقات کوبرباد کر دیا‘چین کے خلاف عمران خان نے الزام تراشی کی اور کہا کہ سی پیک میں کرپشن ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ قوم 9 مئی کو کبھی نہیں بھولے گی۔ علاوہ ازیں پیر کو وزیراعظم نے کوئٹہ میں 34ویں نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 9مئی کے واقعات قابل مذمت اور اس میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی تاکہ ایسے واقعات قیامت تک دوبارہ نہ ہوں، دشمن 75 سال میں وہ کام نہ کر سکا جو عمران خان نے کر دیا ، 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے‘ 9مئی کے حالیہ واقعات تکلیف دہ ہیں، جس طرح لاہور میں جناح ہاؤس، زیارت میں قائداعظم کی رہائش گاہ تباہ کی گئی یہ کام دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کا ہے، کوئی محب وطن یہ کام نہیں کر سکتا‘جی ایچ کیو راولپنڈی پر حملہ کیا گیا یہ صریحاً وطن دشمنی اور دہشت گردی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قانون حرکت میں آئے گا اور ان کو گرفت میں لے گا اور آئین و قانون کے مطابق ان واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے گی تاکہ قیامت تک کوئی اس طرح کی دوبارہ جرأت نہ کر سکے۔

اہم خبریں سے مزید