اسلام آباد (خبر نگار) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج سات مختلف مقدمات کی سماعت آج اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہو گی۔ انسدا دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے موقع پر توڑ پھوڑ کے واقعات پر درج سات مختلف مقدمات میں پچاس پچاس ہزار روپے کے مچلکوں پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی 23مئی تک عبوری ضمانت منظور کی تھی۔ دوسری جانب ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت بھی آج ہو گی۔ 18 مئی کو گزشتہ سماعت پر عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ علالت کے باعث پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے بغیر کسی کارروائی کے سماعت 23 مئی ملتوی کر دی تھی۔ ادھر عمران خان القادر ٹرسٹ کیس میں نیب تحقیقات میں نیب راولپنڈی دفتر بھی پیش ہوں گے۔ایک روز قبل عمران خان نے اسلام آباد پیشی کے موقع پر اپنی گرفتاری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ 80 فیصد امکان ہے کہ انہیں اسلام آباد سے پھر گرفتار کر لیا جائے گا۔