لاہور(جنگ نیوز/ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف سمیت کسی سے بھی مذاکرات کیلئے تیار ہوں لیکن تالی دو نوں ہاتھوں سے بجتی ہے‘لوگ پارٹی چھوڑکر نہیں جا رہے‘ان سے زبردستی پارٹی چھڑوائی جا رہی ہے‘کن پٹی پر بندوق رکھ کر پارٹی چھڑوا رہے ہیں‘ اس طرح سیاسی جماعتیں ختم نہیں ہوتیں‘پارٹی اس طرح ختم ہوتی ہے جیسے پی ڈی ایم ختم ہورہی ہے‘ یزیدیت کے سامنے جھکنے کا مطلب قوم کی موت ہے ‘آخری دم تک اس یزیدیت کے خلاف مزاحمت کروں گا ۔ برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خدشہ ہے یہاں بات کرنے کو کوئی ہے ہی نہیں‘ موجودہ صورت حال میں وزیراعظم غیر متعلق ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے ان کیلئے فکر مند ہیں، بیٹوں کو نہ صرف ان کے قتل بلکہ جیل میں جانے کا بھی خوف ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ میں ایک سیاستدان ہوں‘ آرمی چیف‘ اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی سے بھی مذاکرات چاہتا ہوں، لیکن تالی دو ہاتھوں سے بجتی ہے اور مجھے خدشہ ہے یہاں بات کرنے کو کوئی ہے ہی نہیں، ان کے بیان پہلے ہی سوشل میڈیا پر موجود ہیں، بیانات خوفزدہ کرنے والے ہیں، اگر آپ پڑھیں تو وہ کہہ رہے ہیں کہ جو بھی ہو وہ ہر صورت میری پارٹی پی ٹی آئی ختم کر دیں گے، تو پھر آپ کس سے بات کریں گے؟ وزیراعظم کا کوئی تعلق ہی نہیں، یہ بس کٹھ پتلیاں ہیں۔