راولپنڈی، اسلام آباد (خصوصی نمائندہ، خبر نگار خصوصی، نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) یوم تکریم شہداء قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی‘ گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین جھنڈا چیچی سمیت آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام تقاریب ہوئیں۔ وائس چانسلر راولپنڈی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے کہا کہ متحد اور زندہ قومیں اپنے شہداء کو نہیں بھولتیں۔ ہمارا مذہب بھی ہمیں شہداء کا احترام سکھاتا ہے۔ گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین جھنڈا چیچی میں تقریب کی مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) رمیشا جاوید تھیں۔ پرنسپل سیدہ انجم آراء نقوی اور وائس پرنسپل مسز موزینہ نے خطاب کیا۔ ایپسما رہنماؤں کی اپیل پر یوم تکریم شہداء پر مرکزی صدر کاشف ادیب جاودانی نے کہا کہ یہ ملک شہداء کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ عرفان طالب نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے لاکھوں جانیں دیکر ملک حاصل کیا۔ اسکے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں مل جائینگے۔ صدر راولپنڈی ڈویژن ابرار احمد خان کی اپیل پر خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی میں بھی تقریب منعقد کی گئی جس میں شہداء کی ملک و قوم کی خاطر دی گئی قربانیوں کے حوالے سے ملی نغمے پیش کیے گئے۔دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سجاد خان نے کہا ہے کہ دفاع وطن کی راہ میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔ وہ کمیٹی چوک میں یوم تکریم شہدائے پاکستان پر ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرزا منصور بیگ، ایم اے ہارون شیخ، امان اللہ ستی اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ سی ڈی اے اور سول سوسائٹی کی جانب سے بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) نور الامین مینگل نے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے بھی پھول پیش کئے۔ شہداء سے اظہار عقیدت کیلئے شمعیں بھی روشن کی گئیں۔ اسلام آباد کے بڑے مال میں یوم شہداء کی تقریب ہوئی جس میں مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔ تقریب میں کیڈٹ کالج حسن ابدال کے 125طلباء نے بھی شرکت کی اور دلفریب پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلح افواج سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا ۔ تقریب کو 4ٹرکوں میں ایل سی ڈی سکرین پر مختلف سیکٹرز میں براہ راست بھی دکھایا گیا جسے عوام نے سراہا۔ دریں اثناء تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ سیدقمرحیدرزیدی نے مختارایس او کے زیراہتمام تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افواج پاکستان کی لازوال و بے مثال قربانیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ملک کو امن کاگہوارہ بنانے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر فوری عملدرآمدضروری ہے۔ یوم تکریم شہداء پاکستان پر اسلام آباد میں بھی ریلیاں نکالی گئیں ۔سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتمام ریلی چیئرمین آفس جی 7/4 سے لے کر آبپارہ چوک تک گئی ۔ ریلی میں سی ڈی اے مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین، اورنگزیب خان،راجہ شاکر زمان کیانی ، صوفی محمود علی، علی اصغر مانی بٹ ، شوکت علی انجم، پیرقاری عبید احمدستی،قاری املاک حسین، مولانا احسان قادر،حافظ اکرم،چوہدری طارق گجر سمیت دیگر شرکت کی ۔ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس فیڈرل نے بھی شہدا پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی جو پاک سیکرٹریٹ کے کوہسار بلاک سے شروع ہو کر پارلیمنٹ ہاوس تک گئی گئی،اگیگا کے چیف کوآرڈنیٹر رحمان علی باجوہ ریلی کی قیادت کر رہے تھے۔ یوم تکریم شہداء کے حوالے سے آرپی اوراولپنڈی ریجن سید خرم علی افواج پاکستان اور پولیس شہداء کے گھر وں میں گئے۔ وہ شہید سکوارڈن لیڈر عثمان ، شہید کیپٹن بلال اورشہید پولیس کانسٹیبل منصور کے گھر گئے اور شہداء کے اہل خانہ کو گلدستے اور تحائف پیش کیے ۔