اسلام آباد (محمد صالح ظافر)وزیراعظم شہباز شریف جنہوں نے جمعرات کے روز پشاور کا دورہ کیا اپنا پورا دن مسلح افواج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے گزارا جنہوں نے ملک کی سلامتی واستحکام کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں۔ انہوں نے پشاور سے واپسی پر راولپنڈی میں فوجی قبرستان کا بھی دورہ کیا جہاں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر بھی ان کیساتھ موجود تھے۔ انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور فوجی قبرستان میں شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور حکومت ملک میں استحکام اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مسلح افواج کیساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ بھی کی۔