• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارے بحرانوں کو شکست دیں گے، K-4 منصوبہ جلد مکمل کیا جائے، وزیراعظم

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ایک سال کے دوران ہونے والی سازشوں کو دفن کر دیا، 9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ دن تھا، اس سازش کے تانے بانے سمندر پار تک جاتے ہیں، سارے بحرانوں کو شکست دینگے، کے فور منصوبے کو بجٹ میں اولین ترجیح دوں گا، کے فور منصوبہ جلد مکمل کیا جائیگا، ملک کی ترقی و خوشحالی یکجہتی میں ہے، چیلنجزکے باوجود ملکرملکی کشتی کو کنارے لگائینگے،ملک میں جان بوجھ کر سیاسی افراتفری پیداکرنےکی کوشش کی گئی، اس افراتفری کا 9 مئی کے واقعات پراختتام ہوا،شرپسندوں نے عمران خان کے اکسانے پر فوجی تنصیبات پر حملے کئے، اس کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائیگی،سیاسی استحکام کے بغیر ملک کی ترقی اور معاشی استحکام ممکن نہیں، آئی ایم ایف کی شرائط 100 فیصد پوری کردیں، ہماری صدق دل سے کوشش ہے کہ آئی ایم ایف سے پروگرام مکمل ہو جائے، ملک میں مہنگائی اور معاشی صورتحال کے حوالہ سے مسائل کا ادراک ہے، ٹیکسٹائل ملکی برآمدات میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہے،مسائل اور چیلنجوں کے باوجود پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں جمعہ کو K-4منصوبہ کے سنگ بنیاد کی تقریب، ایکسپو سینٹر میں ٹیکسٹائل ایکسپو کا افتتاح اور کراچی میں کاروباری برادری کے نمائندہ افراد سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کے۔فور منصوبہ کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اولین میں رکھیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے میرے لئے جن جذبات کا اظہار کیا اس پر ان کا شکرگزار ہوں، ملکر ملک کے مسائل حل کرینگے اور ملک کی کشتی کو کنارے لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کے۔فور منصوبہ کو سرد خانے کی نذر کیا گیا اور اس پر سیاست کی گئی وہ افسوسناک بات ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کے۔فور منصوبہ منصوبہ کو فی الفور مکمل ہونا چاہئے، ناگزیر وجوہات کی بناء پر میرے دورے التواء کا شکار ہوئے، چیئرمین واپڈا جب این ایل سی کے ڈی جی تھے تو ان سے کئی منصوبے مکمل کرائے، کے۔فور منصوبہ کی تکمیل میں بھی یہ اسی طرح کی کارکردگی دکھائینگے۔ انہوں نے چیئرمین واپڈا کو ہدایت کی کہ وہ تسلسل کے ساتھ اس منصوبہ کی دیکھ بھال کریں، صوبائی حکومت اس سلسلہ میں مکمل تعاون کریگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ میرے لئے یہ منصوبہ تمام منصوبوں سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے، کراچی کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی ان کا حق ہے۔

اہم خبریں سے مزید