• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ، بلدیاتی اداروں میں مقررہ اجرت سے کم تنخواہوں کی ادائیگی

کراچی (اعجاز احمد۔۔۔اسٹاف رپورٹر) صوبہ سندھ میں ہنر مند افراد کی کم از کم اجرت 26ہزار روپے اور غیر ہنر مند افراد کی کم سے کم اجرت 25ہزار روپےماہانہ مقرر ہے، لیکن اس کے باوجود کراچی سمیت صوبے کے مختلف بلدیاتی اداروں میں 10ہزار روپے ماہانہ سے 19ہزار روپے ماہانہ تک تنخواہ دی جارہی ہے، جو قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔متاثرہ محنت کشوں کا کہنا ہے کہ اس وقت سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ، کراچی میں کم از کم ماہانہ اجرت 12 ہزار روپے، حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں 19 ہزار، واسا حیدرآباد میں 10 ہزار، میونسپل کمیٹی کوٹری میں 15 ہزار، میونسپل کمیٹی نواب شاہ میں 10 ہزار 5 سو، ٹنڈو آدم میں 15 ہزار، ٹنڈوالہ یار میں 12 ہزار، بھٹ شاہ میں 12 ہزار، پاک الناس ترکش کمپنی حیدرآباد میں 19 ہزار، سکرنڈ میں 13 ہزار، دوڑ میں 11 ہزار، باندھی میں 11 ہزار اور بوچھیری میں کم سے کم 11ہزار روپے ماہانہ تنخواہ ادا کی جارہی ہے۔دریں اثناء آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کےچیئرمین سید ذوالفقار شاہ اور دیگر راہنماؤں نے وزیراعلیٰ سندھ اور وزیربلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ کے تمام بلدیاتی اداروں میں کم از کم اجرت کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔اس ضمن میں وزیر بلدیات سندھ سے موقف جاننے کی کوشش کی گئی تاہم ان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔
اہم خبریں سے مزید