راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف کی کفایت شعاری مہم کے تحت اسلام آباد کے تھانوں اور عمارتوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں اسلام آباد کیپٹل پولیس کے سات تھانوں گولڑہ‘ سہالہ‘ ویمن‘ بھارہ کہو‘ شہزاد ٹائون‘ سبزی منڈی اور تھانہ ترنول کو شمسی توانائی پر منتقل کر دیا گیا۔ اس اقدام سے گزشتہ تین ماہ کے دوران اسلام آباد کیپٹل پولیس کو 68ہزار 648یونٹس بجلی اور 7کروڑ 40لاکھ روپے سے زیادہ کی بچت ہوئی۔ اے آئی جی جنرل ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ اسلام آباد کیپٹل پولیس کے تمام تھانوں اور عمارتوں کو سی ایم یو پراجیکٹ کے تحت شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہو گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ بجلی بلوں کی مد میں خرچ ہونیوالی خطیر رقم بھی آپریشنل ڈیوٹیز میں بروئے کار لائی جا سکے گی۔ اُنہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ شمسی توانائی سسٹم تھانوں کو گرین پولیس سٹیشنوں میں تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ سرسبز اسلام آباد بنانے میں اہم کردار ادا کریگا۔ شمسی توانائی کے ذریعہ پیدا ہونیوالی بجلی روایتی توانائی کی جگہ لے گی اور مسلسل بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے گی۔