• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفاک ڈاکوؤں نے برگر فروش اور ایک نوجوان کی جان لے لی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سفاک اور بےرحم ڈاکوئوں نے ڈکیتی مزاحمت پر برگر فروش اور ایک نوجوان کی جان لے لی،تفصیلات کے مطابق منظور کالونی مسجد خضراء کے قریب ڈاکوئوں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے برگرفروش 28سالہ عدیل ولد شکیل کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے ، لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی،مقتول عدیل بیکری کے قریب برگر کا ٹھیلا لگاتا تھا، پولیس کے مطابق مقتول کے کزن عمران نے اسپتال میں بتایا کہ مقتول 10 سال قبل حیدرآباد سے کراچی شفٹ ہوا اور اپنے رشتے دار کے ساتھ برگر کے ٹھیلے پر کام کرتا تھا، مقتول نے 5 سال قبل محبت کی شادی کی اور وہ 3 بچوں کا باپ اور گزشتہ ہفتے ہی برگر کا اپنا کام شروع کیا تھا وہ گھر کا واحد کفیل تھا،علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت عدیل اپنے ٹھیلے پر دوست کو کھڑا کرکے اپنے کزن کے برگر کے ٹھیلے سے کچھ سامان لینے گیا تھا کہ مذکورہ مقام پر2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 لڑکے علاقے میں لوگوں سے موبائل فون اور نقدی لوٹ مار کر کے اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو رہے تھے کہ عدیل ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آگیاہے،دریں اثنا اورنگی ٹاؤن فرید کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پرڈاکوئوں کی فائرنگ سے 24 سالہ عمیر شاہ جاں بحق ہو گیا، پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا معلوم ہوتا ہے، واضح رہے کہ رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 55 سے زائد ہو چکی ہے،علاوہ ازیں فیڈرل بی ایریا بلاک ون میں واقع دکان میں 2ڈاکوئوں کی جانب سے واردت کی کوشش دکانداروں نے ناکام بنادی اور ڈاکوؤں کو بھاگنےپر مجبور کردیا ،واردت کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں2ڈاکوں کو دکان میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے ،ملزم جیسے داخل ہوئے دکان میں موجود 3ملازمین ڈاکوں پر ٹوٹ پڑےہیںاورایک ڈاکو کو پکڑکر اس سےاسلحہ چھین لیا ، ڈاکو جدوجہد کےبعد فرارہونےمیں کامیاب ہو گئے ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید