اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ووٹ صرف عمران خان کا ہے ، کوئی ہو یا نہ ہو اس سے فرق نہیں پڑتا۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ صبح سے تیسری عدالت میں پیش ہو رہا ہوں، لاہورجانے اور عمران خان سے ملاقات سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے مل لوں۔ تحریک انصاف کے پوائنٹ آف نو ریٹرن تک پہنچنے اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق سوال پر اسد عمر نے کہا کہ اس پر کسی دن آرام سے تفصیلی بات کریں گے۔ اسد عمر نے پریس کانفرنس اور دبائو سے متعلق سوال پر کہاکہ جو کہہ رہے ہیں ان سے پوچھیں۔ اسد عمر نے ایک جیسا سکرپٹ سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ میرے حوالے سے آپ ایسی بات نہیں کر سکتے ، میری پریس کانفرنس مختلف تھی ، میں نے کنارہ کشی ایسی کی ہے کہ صبح سے تیسری عدالت پیش ہو رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو صاحب پر جب مشکل وقت آیا تھا تب باقی لیڈر کہاں گئے تھے؟ پیپلز پارٹی میں کوئی نہیں بچا تھا۔