کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کا سیاست میں آنا ہماری سیاسی تاریخ کا بڑا حادثہ ہے، نو مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی عمران خان نے کی تھی، پی ٹی آئی مغرب میں ہمدردی حاصل کرنے کیلئے حراست میں خواتین پر تشدد کی کہانیاں گھڑ رہی ہے،الیکشن اکتوبر یا نومبر 2023ء میں ہوں گے، ن لیگ پہلے کے مقابلہ میں زیادہ اکثریت سے الیکشن جیتے گی، نارروال اسپورٹس سٹی میں ٹیسٹ میچ اور پی ایس ایل بھی کروائیں گے،ن لیگ کو فوج کے سیاسی کردار پر اعتراض ہے لیکن ہم نے کبھی ادارے پر تنقید نہیں کی،وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد زبیری بھی شریک تھے۔عابد زبیری نے کہا کہ نومئی کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں ،عمران خان کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت ہیں تو عدالتوں میں پیش کریں، سویلینز کا ٹرائل فوجی عدالتوں میں نہیں ہونا چاہئے، حکومت کو آرٹیکل 184/3میں تبدیلی کیلئے آئینی ترمیم لانی چاہئے تھی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نےکہا کہ عمران خان کا سیاست میں آنا ہماری سیاسی تاریخ کا بڑا حادثہ ہے، عمران خان جب بھی الیکشن ہارے دھاندلی کا شور مچا کر پرتشدد احتجاج کیا، 2014ء میں سرکاری ٹی وی پر چڑھائی کی گئی، پولیس کے جوانوں اور افسران کو تشدد کا نشانہ بنایا،ایک لانگ مارچ میں کے پی حکومت کے وسائل کے ساتھ اسلام آباد پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، بلوچستان میں قائداعظم کی زیارت ریذیڈنسی جلائی جائے تو انہیں ہم دہشتگرد کہتے ہیں، لاہور میں جوگر اور جینز پہننے والوں کی جماعت وہی عمل کرے تو اسے سیاسی احتجاج کہیں گے یا دہشتگرد کہیں گے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نو مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی عمران خان نے کی تھی، عمران خان سب کی ڈیوٹیاں لگا کر عدالت گئے تھے، مراد سعید نے پیغام نشر کیا کہ تمام کارکن اپنے ٹارگٹس پر پہنچ جائیں، عمران خان کے دور میں آرمی ایکٹ کے تحت 24سویلینز کا ٹرائل کیا گیا، قانون کے تحت فوجی عدالتوں کے فیصلوں پر ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ میں اپیل کی اجازت ہے، پی ٹی آئی مغرب میں ہمدردی حاصل کرنے کیلئے حراست میں خواتین پر تشدد کی کہانیاں گھڑ رہی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ کو فوج کے سیاسی کردار پر اعتراض ہے لیکن ہم نے کبھی ادارے پر تنقید نہیں کی، نواز شریف نے گوجرانوالہ میں جنرل باجوہ اور جنرل فیض سے سوال پوچھے تو ساتھ ادارے کی تعریف بھی کی، فوج کو سیاست زدہ کرنے کا مطلب پاکستان کے دفاع کو نقصان پہنچانا ہے، عمران خان کی حرکتوں پر انڈیا کا میڈیا جشن منارہا ہے، مغربی اور انڈین میڈیا میں اس وقت عمران خان ڈارلنگ بنا ہوا ہے۔