راولپنڈی (جنگ نیوز/ایجنسیاں)تحریک انصاف چھوڑنے والے رہنماء سیاست میں متحرک ‘ دیگر رہنماؤں سے رابطے ‘اڈیالہ جیل راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے فواد چوہدری‘عامرکیانی‘عمران اسماعیل اور مولوی محمود کی ملاقات ‘پارٹی چھوڑنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے اورانہیںپارٹی چھوڑنے پرآمادہ کرنے کی کوشش کی۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے انکشاف کیاکہ مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے ہم نے متعدد رہنماؤں سے رابطے کئے ہیں‘پی ٹی آئی کی سابقہ لیڈرشپ سے ہماری اچھی بات چیت ہوئی ہے ‘ہم نے حل نکالنا ہے اور ہم حل کی جانب جائیں گے‘اب پاکستان کومستحکم حل کی طرف جانا ہوگا جس کے لیے شاہ محمود قریشی بھی کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں ‘25کروڑ عوام کو نواز شریف اور آصف زرداری کے سہارے نہیں چھوڑا جاسکتا، نہ ہی عوام کو پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے سہارے چھوڑا جاسکتا، اس حکومت کو اپوزیشن کے بغیر ایسے کھلا نہیں چھوڑا جاسکتا ‘ اپنے بے گناہ کارکنوں کو جیلوں سے رہا کرانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ پاکستان کے اندر معاشی، آئینی، سیاسی غیر یقینی موجود ہے جس کی ذمہ دار پی ڈی ایم حکومت ہے۔ان حالات میں اپوزیشن کی پوزیشن خالی نہیں رہنی چاہیے‘پی ڈی ایم حکومت کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیں گے‘ بحران کو حل کرنے کے لیے ہم کوششیں کریں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کی تمام سابقہ لیڈر شپ سے بات کی ۔ اسد عمر، پرویز خٹک، اسد قیصر، علی زیدی، حماد اظہر، فرخ حبیب‘شہرام ترکئی ‘ شہزاد وسیم سمیت دیگر لوگوں سے رابطہ کیا۔ ہماری شاہ محمود قریشی سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔