• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹے میں شامل غذائی اجزا پیچیدہ بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتے ہیں‘ آگاہی سیشن

ملتان (سٹاف رپورٹر)تنظیم نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے ملتان ڈویژن میں موجود فلور ملز کے مالکان کیلئے آگاہی سیشن ہوا جس کا مقصد ملز مالکان کو فوڈ فورٹیفیکیشن کی اہمیت و فوائد اور جنوبی پنجاب کی سطح پر فوڈ فورٹیفیکیشن کے عمل کو یقینی بناناتھا۔ سیشن میں ملتان ڈویژن کے اضلاع ، وہاڑی ، لودھراں ، خانیوال اور ملتان کی تمام ملز کے مالکان نے شرکت کی۔ نیوٹریشن انٹرنیشنل کے صوبائی منیجر وسطی پنجاب محمد داؤد مفتی نے کہاکہ فوڈ فورٹیفیکیشن کے ذریعے گندم کے آٹے میں شامل کئے جانے والے غذائی اجزا جن میں آئرن، زنک، ، فولک ایسڈ اور وٹامن بی-12 ذہنی اور جسمانی نشوونما میں انتہائی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ خوراک میں مندرجہ بالا غذائی اجزا کی موجودگی قوت مدافعت کو تقویت دیتے ہوئے بہت سے پیچیدہ بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ صوبائی منیجر جنوبی پنجاب ساجد عبّاس سیال نے بتایا کہ نیوٹریشن انٹرنیشل ، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ ملکر پاکستان میں صوبائی سطح پر قانون سازی کروانے اور فوڈ فورٹیفیکیشن ایکٹ کو پاس کروانے کیلئے کوشاں ہے، سیشن کی صدارت نواب لیاقت علی خان سابق سینٹرل چیئرمین آل پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن نے کی۔ چوہدری محمد جمیل سابق نائب صدر و ایگزیکٹو ممبر پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے فوڈ فورٹی فیکیشن کی اہمیت اور اسکے فوائد سے آگاہی دی،سیشن میں زونل منیجرز اعجاز شیخ ، امجد علی، محمد اشفاق،محمّد شہزاد اور جہانزیب جوئیہ نے بھی شرکت کی۔
ملتان سے مزید